26 مارچ ، 2024
یورپی کمیشن کی جانب سے نئے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (ڈی ایم اے) قانون پر عملدرآمد میں مبینہ ناکامی پر 3 بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے یورپی یونین کی جانب سے ایپل، میٹا اور گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کے خلاف تحقیقات کی جائے گی۔
کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الفابیٹ، ایپل اور میٹا کی جانب سے اپنی پراڈکٹس کو ترجیح دی جاتی ہے اور کمیشن کو شک ہے کہ ان کمپنیوں کی جانب سے ڈی ایم اے پر مؤثر انداز سے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
یورپ میں 7 مارچ کو ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کا اطلاق ہوا تھا۔
اس قانون میں بائیٹ ڈانس، ایمازون، میٹا، ایبل، مائیکرو سافٹ اور الفابیٹ جیسی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو گیٹ کیپر قرار دیا گیا تھا۔
ڈی ایم اے کا بنیادی مقصد گیٹ کیپر کمپنیوں کو اپنے پلیٹ فارم تھرڈ پارٹیز کے لیے کھولنے پر مجبور کرنا ہے تاکہ مسابقتی عمل آگے بڑھ سکے۔
ایپل، الفابیٹ اور میٹا اولین کمپنیاں ہیں جن کے خلاف ڈی ایم اے کے تحت تحقیقات کی جا رہی ہے۔
تحقیقات میں خلاف ورزی ثابت ہونے پر ٹیکنالوجی کمپنیوں پر ان کی سالانہ عالمی آمدنی کے 10 فیصد حصے کے برابر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
کمیشن کی جانب سے ایپل اور الفابیٹ کے فیس اسٹرکچر پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈی ایم اے کے مطابق نہیں۔
واضح رہے کہ دونوں کمپنیوں کی جانب سے کچھ سروسز کے حوالے سے نئی فیسیں متعارف کرائی گئی ہیں۔