26 مارچ ، 2024
اسرائیل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی سلامتی کونسل کی قرارداد پاس ہونے کے باوجود حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے طیاروں نے رات گئے الشفا اسپتال کے پاس ایک گھر پر بمباری کے جس کے نتیجے میں 9 بچوں سمیت مزید 18 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے نصر کے قریب بھی حملے کیے جن میں شہادتوں کی اطلاع ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ روز ہی غزہ میں فوری جنگ بندی کے حق میں قرار داد پاس کی تھی، سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی تھی جبکہ امریکا نے جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔
بعد ازاں اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت روکنے سے انکار کرتے ہوئے حماس کے خلاف مزید کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت روکنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو بتادیں گے کہ اسرائیل حماس کے خلاف ہر جگہ کارروائی کرے گا۔
اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی تک غزہ جنگ روکنے کی اخلاقی ذمے داری ہم پر نہیں،حماس کے خلاف اس جگہ بھی کارروائی کریں گے جہاں اب تک نہیں کی۔