28 مارچ ، 2024
پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے چھوٹے کاروبار اور دکانداروں کی رجسٹریشن کی حمایت کر دی۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر انور کاشف ممتاز کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کو دستاویزی بنانے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے پر کوئی مفاہمت نہیں کرنی چاہیے۔
انور کاشف ممتازکے مطابق معیشت دستاویزی ہو، ٹیکس دینے والوں کی تعداد بڑھے، اس سوچ کے ساتھ حکومت نے نیشنل بزنس رجسٹری، تاجر دوست اسکیم متعارف کرائی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششیں ایک زمانے سے ہو رہی ہیں، وہ کوششیں ایڈہاک بنیاد پر تھیں۔
اسکیم کے تحت چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو 30 اپریل 2024 تک انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 181 کے تحت رجسٹر ہونا ہوگا، 30 اپریل کے بعد تاجروں کو انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 182 کے تحت رجسٹر کیا جائےگا۔
صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھاکہ آئی ایم ایف ریفارمز منصوبے میں یہ کام کرنا پڑ رہا ہے، یکم اپریل سے رجسٹریشن کا عمل کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے شروع ہوگا جبکہ منصوبے پر عمل داری حکومت کیلئے ایک چیلنج ہوگا۔