29 مارچ ، 2024
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ لڑکی کو قتل کرنے والے والد اور بھائی پر مقتولہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات سامنے آگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق قتل کے الزام میں گرفتار مقتولہ کے بھائی فیصل اور والد عبدالستار کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے جبکہ ویڈیو بنانے والے مقتولہ کے دوسرے بھائی شہباز اور ویڈیو میں نظر آنے والی بھابھی سمیرا کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔
چند روز قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں 477 ج ب میں 22 سال کی غیر شادی شدہ لڑکی ماریہ کے لرزہ خیز قتل کی ویڈیو کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے رشتہ داروں اور اہل محلہ کا کہنا ہے تینوں باپ بیٹوں نے ملی بھگت سے لڑکی کو قتل کیا اور اس کی موت کو طبعی قرار دے کر تدفین کرکے جرم چھپانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب باپ بیٹوں نے مل کر ماریہ کو گلا دبا کر قتل کیا تھا، ویڈیو بنانے والے بھائی شہباز نے اپنے بھائی اور والد پر مقتولہ سے زیادتی کی شکایت کرنے پر اسے قتل کرنے کا الزام لگایا ہے۔
ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کا کہنا ہے تینوں باپ بیٹوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں جبکہ مقتولہ کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد نمونے فرانزک کیلئے بھجوا دیے گئے ہیں۔