30 مارچ ، 2024
بھارت کی تامل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مشہور اداکار ڈینیئل بالاجی 48 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈینیئل بالاجی کو گزشتہ روز سینے میں درد کی شکایت پر چنئی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کے بعد اداکار آج صبح اسپتال میں ہی دم توڑ گئے۔
اداکار کی لاش کو آخری رسومات کے لیے پورسائی واکم میں واقع ان کی رہائش گاہ لے جایا جاچکا ہے۔
ڈینیئل کی اچانک موت نے تامل فلم انڈسٹری سمیت ان کے مداحوں کو بھی صدمے سے دوچار کردیا، انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سے ہی مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی جانب سے گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ڈینیئل بالاجی فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے کے لیے جانے جاتے تھے، انہوں نے رادیکا سرتھ کمار کی 'چٹھی' میں یادگار کردارکے ذریعے ٹیلی ویژن کی دنیا میں انٹری دی، اس ٹیلی ویژن سیریل میں انہوں نے ڈینیئل کا کردار ادا کیا تھا جس سے ان کا نام ہی ڈینیئل بالاجی پڑگیا۔
ڈینیئل بالاجی نے تامل فلموں کے علاوہ متعدد ملیالم، تیلگو اور کناڈا فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔