فیکٹ چیک: پنجاب پولیس کی طرف سے ٹک ٹاکر کو پروٹوکول نہیں دیا گیا

ویڈیو میں نظر آنے والا شخص سوشل میڈیا انفلونسر، بھولا ریکارڈ نہیں ہے، درحقیقت وہ پنجاب کے اسکول ایجوکیشن کے وزیر رانا سکندر حیات ہیں۔

پنجاب میں پولیس اہلکاروں کا آن لائن مذاق اڑایا جا رہا ہے کہ وہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا اسٹار کو اپنے سروس سینٹر میں مدعو کر کے اسے اعلیٰ سرکاری افسران کے لیے مخصوص پروٹوکول فراہم کر رہے ہیں۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ASP) شہربانو نقوی اور انٹرنیٹ سلیبرٹی بھولا ریکارڈ کے درمیان اس مبینہ ملاقات کے ویڈیو کلپس آن لائن گردش کر رہے ہیں، جو ہزاروں شیئرز اور ویوز حاصل کرچکی ہیں۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

18 مارچ کو ٹک ٹاک پر ایک 36 سیکنڈ کی ویڈیو اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کی گئی کہ ”بھولا ریکارڈ کو اے ایس پی شہربانو نقوی کا پروٹوکول پولیس کی طرف سے، بس یہی رہ گیا تھا دیکھنے کو؟“

صارف نے مزید پوچھا کہ بھولا نامی ٹک ٹاکر نے ایسا کیا کیا جو اسے خصوصی پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔

اس آرٹیکل کے لکھے جانے تک صرف ٹک ٹاک پر اس پوسٹ کو 80 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، 300 سے زائد بار شیئر کیا گیا اور 1,000 سے زائد بار لائک کیا گیا۔

فیکٹ چیک: پنجاب پولیس کی طرف سے ٹک ٹاکر کو پروٹوکول نہیں دیا گیا

اس کیپشن والی ویڈیو کو انسٹاگرام اور X (ٹوئٹر) پر بھی شیئر کیا گیا۔

حقیقت

ویڈیو میں نظر آنے والا شخص سوشل میڈیا انفلوئنسر نہیں ہے۔ درحقیقت وہ پنجاب کے اسکول ایجوکیشن کے وزیر رانا سکندر حیات ہیں، جنہوں نے 16 مارچ کو لاہور کے ایک پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔

اصل ویڈیو جو کہ ایک منٹ سے زیادہ طویل ہے، 16 مارچ کو پنجاب پولیس کے آفیشل X اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی تھی۔ ویڈیو کلپ میں وزیر نے اپنا تعارف بھی کرایا اور مزید کہا کہ وہ پولیس سروس سنٹر کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں خواتین کے لیے فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کر سکیں۔

بعد ازاں ویڈیو میں صوبائی وزیر کو اے ایس پی شہربانو نقوی بریفنگ دیتے ہوئے انہیں سروس سنٹر کا دورہ کراتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

وزیر کی تصویر پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔