پاکستان میں زیر تعلیم غزہ کے 70 فلسطینی طلبہ کو ایدھی فاؤنڈیشن کی ماہانہ نقد امداد

بینکاری اور رقوم کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہونے سے پاکستان میں زیر تعلیم 200 فلسطینی طلبہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں: فیصل ایدھی/ فوٹو جیونیوز
بینکاری اور رقوم کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہونے سے پاکستان میں زیر تعلیم 200 فلسطینی طلبہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں: فیصل ایدھی/ فوٹو جیونیوز

فلسطین خصوصاً غزہ میں اسرائیلی بمباری سے نظام زندگی تباہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں زیر تعلیم 200 میں سے غزہ کے 70 طلبہ کو ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہانہ 25 ہزار روپے نقد امداد کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ 

اس سلسلے میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ایدھی سینٹر ٹاور میں فلسطینی طلبہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی۔ 

فیصل ایدھی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے نظام زندگی تباہ ہوگیا ہے اور لوگ دربدر ہیں، بینکاری اور رقوم کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہونے سے پاکستان میں زیر تعلیم 200 فلسطینی طلبہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، بیشتر یونیورسٹیوں نے فلسطینی اسٹوڈنٹس کی فیس معاف کردی ہیں، اس کے باوجود فلسطینی اسٹوڈنٹس پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے مقروض ہوچکے ہیں۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن نے ایسے فلسطینی طلبہ و طالبات کو ماہانہ بنیادوں پر مالی امداد کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے، فلسطینی اسٹوڈنٹس کی فلاح و بہبود کے لیے ہر وقت تیار ہیں، 200 سے زائد فلسطین کے طلبہ پاکستان بھر کی جامعات میں میڈیکل، انجینئرنگ، فارمیسی اور بزنس مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ 

اس موقع پر موجود طلبہ میں سے لمز کے طالب علم ابراہیم نے مشکل وقت اور حالات میں امداد پر فیصل ایدھی کا شکریہ ادا کیا۔