01 اپریل ، 2024
پشاور: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے بشام خودکش دھماکے کی رپورٹ جوائنٹ کمیٹی کو پیش کردی۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہےکہ خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ سے تمام شواہد اکٹھا کرلیے گئے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی گئیں جب کہ شواہد کی بنیاد پر اہم گرفتاریاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قافلے کے ساتھ جیمرز فعال تھے یا نہیں، اس حوالے سے تفتیش جاری ہے جب کہ غیرملکیوں پر حملے کے تھریٹ سے متعلق بھی تفصیلات لی جارہی ہیں، گرفتار دہشتگردوں کے بیانات پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
واضح رہےکہ بشام میں گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے میں 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔