Time 01 اپریل ، 2024
پاکستان

بشام حملے کا مقصد پاک چین دوستی کو متاثر کرنا تھا: وزیر اعظم کا چینی انجینیئرز سے خطاب

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  بشام میں دہشتگرد حملہ پاکستان کے دشمنوں نے کیا اور اس کا مقصد پاک چین دوستی کو متاثرکرنا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آج داسو کا دورہ کیا اور  چینی انجینیئر ز  اور  ورکرز سے گفتگو کی۔

انہوں نے بشام واقعے پر چینی انجینیئرز  اور  ورکرز سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

چینی انجینیئرز اور  ورکرز سے اپنی گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا اور ایسے واقعات کا مقصد پاک چین غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا، چینی بھائیوں اور بہنوں سےاظہاریکجہتی کےلیے داسو کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں ہمارے دشمن کوئی بھی موقع جانے نہیں دے رہے، چینی انجینیئرز کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ بشام واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو قرار  واقعی سزا  دی جائے گی۔ 

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں بشام میں گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے میں 5 چینی انجینیئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تحقیقات کیلئے جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

دوسری جانب چینی انجینیئرز کی میتیں بھی ووہان پہنچا دی گئی ہیں۔

مزید خبریں :