Time 01 اپریل ، 2024
جرائم

کراچی میں رمضان المبارک کے دوران ڈاکوؤں کے ہاتھوں 11 واں شہری قتل

کراچی کے علاقے گلشن معمار میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری ڈاکووں کی زد میں آگئے اور گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

 پولیس کے مطابق امجد اور امان اللہ نامی شہری سائٹ سپر ہائی وے پر بینک سے رقم لیکر نکلے تھے، گلشن معمار اجمیر گارڈن کے قریب ملزمان نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اندھا دھند کردی جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے۔

دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 40 سالہ امجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ 

مقتول دو بچوں کا باپ اور سرجانی ٹاؤن میں رئیل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا۔ عباسی اسپتال میں ایم ایل او کے نہ ہونے کی وجہ سے مقتول کے ورثا مشتعل بھی ہوئے۔

امجد پنجاب خانیوال کا رہنے والا تھا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال لوٹی گئی رقم کا تخمینہ نہیں لگایا جا سکا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واقعے کی جگہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کررہے ہیں اور جس بینک سےرقم نکلوائی گئی وہاں سےبھی تفصیلات لےرہےہیں۔

کراچی میں ماہ رمضان میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی اور رواں سال 50  افراد ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مارے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :