02 اپریل ، 2024
ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی کے سبب عید کے موقع پر درزی کپڑوں کی سلائی کے نرخ بھی دوگنےکردیتے ہیں لیکن میانوالی کا ایک نوجوان درزی کئی سالوں سے یتیم بچوں کے کپڑے مفت میں سلائی کر رہا ہے۔
کپڑوں کی سلائی میں استعمال ہونے والے میٹریل اور بجلی کے نرخوں میں بے پناہ اضافے کو جواز بنا کر درزیوں نے عید کے قریب آتے ہی کپڑوں کی سلائی کے نرخ بھی بڑھا دیے ہیں لیکن آج کے اس دور میں میانوالی کا 26 سالہ نوجوان درزی قیصر حسن گزشتہ 6 سالوں سے یتیم بچوں کے کپڑے بالکل مفت سی رہا ہے۔
اس وقت قیصر حسن کے پاس 100یتیم بچے رجسٹرڈ ہیں جن کے وہ نہ صرف کپڑے مفت سلائی کرتا ہے بلکہ ان کو دو سو روپے عیدی بھی فراہم کرتا ہے۔
در دل رکھنے والے اس نوجوان درزی قیصر حسن کے مطابق وہ ایسے یتیم بچوں کی مکمل مالی کفالت تو نہیں کرسکتا لیکن عید الفطر کے موقع پر مفت کپڑے سلائی کرکے انہیں خوشیاں فراہم کرکے دلی سکون ضرور محسوس کرتا ہے اور یہی سنت رسول صل و علیہ وسلم کی پیروی بھی ہے ۔
قیصر حسن نے یتیم بچوں کی مدد کا جو طریقہ اپنایا ہے۔ وہ ناصرف منفرد ہے بلکہ معاشرے میں موجود افراد کے لیے ایک بڑی مثال بھی ہے۔