پاکستان
Time 03 اپریل ، 2024

آرمی چیف کی صدرمملکت سے ملاقات، مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی

صدر مملکت آصف علی زرداری سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔

آرمی چیف نے آصف زرداری کوپاکستان کےصدر اور مسلح افواج کےکمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نےصدر مملکت کو دہشتگردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا اور روایتی خطرات کےخلاف آپریشنل تیاریوں پربھی روشنی ڈالی۔

ملاقات میں جنرل عاصم منیر نے ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا اور کہا کہ ریاستی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔

صدر آصف زرداری نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کیلئے فوج کی کوششوں  اور قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم کوبھی اجاگرکیا۔

صدر مملکت نے قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ شہدا کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا۔

آصف زرداری نے ایک سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے پر بےبنیاد اور بلاجواز الزامات پر تشویش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :