Time 04 اپریل ، 2024
دنیا

بھارتی انتخابات میں اے آئی کی انٹری، آنجہانی سیاستدانوں کے آڈیو، ویڈیو پیغامات سامنے آگئے

بھارتی انتخابات میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس(اے آئی)نے بھی انٹری  ماردی، مشہور اور معروف آنجہانی سیاست دان اپنی جماعتوں کی حمایت میں سامنے آگئے۔

رپورٹس کے مطابق 2016 میں انتقال کرنے والی جے للیتا کا اپنی پارٹی کی حمایت میں نیا آڈیو پیغام ووٹرز کو حیران کرگیا۔

یہ آڈیو پیغام آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔

 دوسری جانب جےللیتا کی مخالف پارٹی بھی پیچھے نہ رہی  اور 2018 میں انتقال کرنے والے ایم کروناندھی کا اے آئی سے بنایا ویڈیو پیغام بھی جاری کردیا۔

پیغام میں کروناندھی نے اپنے بیٹے اور تامل ناڈوکے موجودہ وزیر اعلیٰ کےلیے عوام سے حمایت مانگی۔

ادھر تجزیہ کاروں نے  آنجہانی سیاست دانوں کی اے آئی کی مدد سے آواز اور ویڈیو کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے لوگوں کے لیے سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کے الیکشن کمیشن نے ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کی 543 نشستوں کیلئے عام انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوگا۔ بھارتی ریاستوں میں سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی جس کا اختتام یکم جون کو ہوگا۔

پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو 21 ریاستوں، دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو 12 ریاستوں، تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو 12 ریاستوں، چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو 10 ریاستوں، پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو 8 ریاستوں، چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو 7 ریاستوں اور ساتویں مرحلے میں یکم جون کو 8 ریاستوں میں ووٹنگ ہوگی۔

عام انتخابات میں 97 کروڑ بھارتی شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، ووٹوں کی گنتی 4 جون کو شروع ہوگی۔

مزید خبریں :