05 اپریل ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسنز کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے نئے فوکل پرسنز کی فہرست جاری کی گئی، جاری کردہ فہرست میں شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ نئے فوکل پرسنز بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے مقرر کیے گئے، نئے فوکل پرسنز میں بیرسٹر گوہر، شبلی فراز، عمرایوب، انتظار پنجوتھہ اور علی ظفر شامل ہیں۔
شیر افضل مروت نے اپنے ردعمل میں فوکل پرسن کے معاملے کو نان ایشو قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوکل پرسن کیا گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ ہے جو اتنا اہم ہے؟
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے 6 فوکل پرسن ہیں جو ایک ایک بندے کی ملاقات کرا سکتا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اُن کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہو رہی ہے، کور کمیٹی کا اجلاس ختم نہیں ہوتا اور یہ جھوٹ بول کر میڈیا پر خبرچلا دیتے ہیں، ایک جلسہ اب تک نہیں ہو سکا ہے۔
خیال رہے کہ 28 مارچ کو بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو فوکل پرسن بنایا تھا۔