05 اپریل ، 2024
لاہور کے علاقے سندر میں سوا کروڑ روپے مالیت سے زائد کی چوری کا واقعہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہری شعیب افطار ڈنر پرگیا تھا، گھر واپس آیا تو گھر کادروازہ ٹوٹا ملا۔
پولیس کے مطابق ملزمان گھر سے ایک کروڑ 29 لاکھ سے زائد کےزیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان غائب کرگئے جس کے بعد پولیس نے چوری کا مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں دوگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ7 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے ملزم کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ملزم وقار نے 25 سالہ آصف کو گولیاں مار کر قتل کردیا جبکہ گرین ٹاؤن میں 3 افراد نے ناصر نامی شخص کو تشدد کر کے ہلاک کردیا، پولیس نے دونوں وارداتوں کےشواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ادھر فیکٹری ایریا پولیس کی زیر حراست 25 سالہ نامعلوم ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں ملزم نے تھانے کی چھت سے ملحقہ ڈولفن ہیڈ کوارٹر میں چھلانگ لگادی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی جس کے بعد ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈیڈہاؤس منتقل کردیا گیا۔
رائے ونڈ سےچندروزقبل 6 لاکھ تاوان کیلئے اغوا کیے جانے والے 3 بچوں کے باپ عاصم کوقتل کردیا گیا، پولیس نے 2ملزمان کو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر مغوی کی لاش روہی نالے سے برآمد کرلی ۔
برکت مارکیٹ میں ایف آئی نے چھاپہ مارکر ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کوگرفتارکرلیا۔
ڈائریکٹرایف آئی اےسرفراز ورک کےمطابق ملزمان پرویز اورامین سے17 پاسپورٹ برآمدہوئے ہیں ، ملزمان نے ایک شہری کو سعودی عرب بھجوانے کا جھانسا دے کر ساڑھے 6 لاکھ روپے بٹورے تھے۔
مزید برآں گوجرانوالہ میں رکشے پرفائرنگ کرکے لڑکی کو قتل کر دیا گیا، پولیس نے ملزم اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔
مقتولہ کے والد کا دعویٰ ہے کہ ملزم بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا، انکارپر قتل کر دیا۔