پاکستان
Time 06 اپریل ، 2024

توشہ خانہ میں سزائیں معطل، بانی پی ٹی آئی سائفر کیس سے اگلے ہفتے بری ہوجائیں گے: لطیف کھوسہ

توشہ خانہ کیس میں الزام درست ہے مگر استغاثہ کی کوتاہی سے ملزم کو فائدہ پہنچتا ہے تو اوربات ہے: رانا ثنا اللہ کی گفتگو— فوٹو: فائل
توشہ خانہ کیس میں الزام درست ہے مگر استغاثہ کی کوتاہی سے ملزم کو فائدہ پہنچتا ہے تو اوربات ہے: رانا ثنا اللہ کی گفتگو— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ میں سزائیں معطل ہوچکی ہیں سائفر کیس سے بھی وہ اگلے ہفتے بری ہوجائیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائفر کیس میں عدالت یہ ریمارکس دے چکی ہے کہ سائفر ہے کہاں پر؟ جس ڈاکیومنٹ کی بنیاد پر سزا سنائی جا رہی ہے وہ ڈاکیومنٹ عدالت کے سامنے تو پیش ہی نہیں کیا جا رہا۔

9 مئی واقعات سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کر چکے ہیں کہ 9 مئی واقعات سے متعلق ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنا کر واقعات کی تحقیقات کی جائیں، 9 مئی اور 9 فروری کو ملا کر دیکھیں گے تو آپکو نیت بھی پتہ چل جائے گی، یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے۔

پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا توشہ خانہ کیس میں الزام درست ہے مگر عدالت میں استغاثہ کی کوتاہی سے ملزم کو فائدہ پہنچتا ہے تو یہ الگ بات ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی سزاؤں کی معطلی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سزائیں معطل ہوگئیں تو بانی پی ٹی آئی باہر آسکتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کو صرف نواز شریف ختم کرسکتے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی اس میں رکاوٹ بن سکتے ہیں مگر نوازشریف سیاسی بحران ختم کرنے میں کردار اس لیے ادا نہیں کر رہے کیونکہ انہیں واضح مینڈیٹ نہیں ملا۔

مزید خبریں :