06 اپریل ، 2024
سیاسی جماعتیں سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کرتی ہیں لیکن ریاست سے نہیں لڑ سکتیں اور ریاست یا فوج ملک دشمنوں سے لڑا کرتی ہے لیکن اپنے ملک کی کسی جماعت سے نہیں۔ 9مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا انوکھا اور سنگین ترین واقعہ تھا۔اس میں ایک سیاسی جماعت کسی سیاسی جماعت کی بجائے ریاست پر حملہ آور ہوئی۔
پاکستان میں ریاست کی سب سے بڑی علامت سمجھی جانے والی فوج کو للکارا۔ اس میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی ۔ خود فوج کا کہنا ہے کہ یہ فوج میں بغاوت کی ایسی منظم سازش تھی جسے بیرونی دشمنوں کی بھی شہ بالواسطہ یا بلاواسطہ حاصل تھی۔ جی ایچ کیو پر حملہ ہوا، لاہور کے کورکمانڈر کا گھر ،جو قائداعظم سے بھی منسوب ہے، جلا کر مکمل طور پر راکھ کردیاگیا ۔جنگوں کے دوران کارنامے انجام دینے والے جہازوں کو گرا دیا گیا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ شہدا کے مجسموں کی بھی توہین کی گئی۔
یہ عمل دنیا کی کسی بھی فوج کیلئے ناقابل برداشت ہوسکتاتھااور پاکستانی فوج نے بھی سخت ردعمل دیا۔ پہلے اپنے گھر کی صفائی کی ۔ ایک کورکمانڈر اور کئی سینئر افسران کو سزائیں دی گئیں لیکن اس میں ملوث سیاسی جماعت سے متعلق ردعمل کچھ زیادہ بہتر نہ تھا۔ کئی ماہ گزرنے کے باوجود ماسٹر مائنڈز کا واضح تعین نہیں کیا گیا۔ جو مردوخواتین ہاتھ آئے ان کو بند کر دیا گیا ۔
فیصلہ یہ ہوا تھا کہ ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائینگے ۔ فوجی عدالتیں بن بھی گئیں اور کئی مقدمات کی سماعت بھی ہوئی لیکن اس معاملے کو اعلیٰ عدلیہ نے لٹکایا ہوا ہے ۔تاہم درجنوں کے حساب سے مرد اور خواتین حراست میں ہیں اور کوئی پتہ نہیں چل رہا کہ ان کا مستقبل کیا ہوگا۔
ایک اور پراسرار معاملہ یہ ہے کہ9مئی کے اصل ماسٹر مائنڈز میں سے کوئی خاص بندہ گرفتار نہیں ہوا۔ وہ پہلے تو روپوش ہوگئے اور اب ایک ایک کرکے پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت قبل ازگرفتاری حاصل کررہے ہیں ۔ دوسری طرف ریاست کی طرف سے9مئی کے مشکوک لوگوں پر پے درپے دیگر درجنوں مقدمات قائم کردیے گئے جس کی وجہ سے یہ معاملہ ایک مذاق سا بن گیا۔
بہ ہرحال اب اس معاملے کو کسی حل کی طرف جانا چاہئے کیونکہ پی ٹی آئی کو بھی سمجھ آگیا ہوگا کہ سیاسی جماعت سے سیاسی لڑائی لڑی جاسکتی ہے لیکن فوج سے نہیں لڑی جاسکتی ہے اور فوج کو بھی سمجھ آگیا ہوگا کہ دشمن سے لڑنا آسان ہے لیکن اپنے لوگوں کو دشمن کی طرح ٹریٹ کیا جاسکتا ہے اور نہ ان سے لڑنے کا کوئی فائدہ ہوتا ہے ۔ اس لئے اب فوج اور پی ٹی آئی دونوں کو یہ معاملہ ختم کردینا چاہئے ۔
پی ٹی آئی کو چاہئے کہ عمران خان کی سطح پر اگر مگر کے بغیر9مئی کی مذمت کی جائے اور اس پر پوری قوم سے معافی مانگی جائے اور فوج کو چاہئے کہ جو چند ماسٹر مائنڈ انہوں نے شواہد کے ساتھ معلوم کئے ہیں ، انکے علاوہ پی ٹی آئی کے باقی تمام کارکنوں کیلئے عام معافی کا اعلان کردے۔ بہتر تو ہوگا کہ سب کیلئے عام معافی کا اعلان کردے کیونکہ ریاست ماں کی مانند ہوتی ہے لیکن اگر سب کو معاف نہیں کیا جاسکتا تو جو ماسٹر مائنڈ نہیں ہیں اور اس روز جلوس کے ساتھ مل کر جذبات میں آئے ہوئے عام کارکن ہیں ان کو رہا کردیاجائے ۔ یہ بھی نہیں ہوسکتا تو کم ازکم خواتین کیلئے عام معافی کا اعلان کرکے انہیں فوری طور پر رہا کر دیا جائے۔
پی ٹی آئی اور فوج کے ان اقدامات سے دونوں کے مابین تلخی میں کمی بھی آجائیگی اور مستقبل میں نارملائزیشن کی طرف سفر کا آغاز بھی ہوجائیگا۔ آخر میں مکرر عرض ہے کہ سیاسی جماعتیں سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرسکتی ہیں لیکن فوج یا ریاست سے نہیں لڑسکتیں جبکہ فوج دشمن ملکوں سے لڑسکتی ہے لیکن اپنے شہریوں سے اس کی لڑائی کا اچھا نتیجہ نہیں نکلتا۔
جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔