06 اپریل ، 2024
کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے سیلیکون انگوٹھوں سے غریب خواتین کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم نکلوانے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق سائبر کرائم سیل حیدرآباد نے ٹنڈو محمد خان میں مونو ٹیکنیکل کالج ڈسٹرکٹ میں واقع سینٹر پر کارروائی کی جہاں سے ملزمان شبیر احمد، غلام عباس اور آصف علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سادہ لوح شہریوں کے سیلیکون تھم کا استعمال کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تک غیر قانونی رسائی حاصل کرتے تھے، ملزمان سادہ لوح شہریوں کے فنڈز کو غیر قانونی انگوٹھوں کا استعمال کرتے ہوئے خوردبرد کرتے تھے اور بینظیر فنڈز کی مد میں لاکھوں روپے خوردبرد کر چکے ہیں، ملزمان سے 3 بی وی ایس ڈیوائسزز اور 5 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 44 شناختی کارڈز، سیلیکون تھمز اور کیش نکلوانے کی متعدد سلپس برآمد ہوئیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔