فیکٹ چیک: ایچی سن کالج کی وائرل ویڈیو میں عمران خان کے حق میں نعرے نہیں لگائے گئے

طلبا دراصل عمران خان کے نہیں بلکہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ایک اور طالب علم کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر ساڑھے 6 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جانے والی ویڈیو اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ لاہور کے ایچی سن کالج میں ایک حالیہ تقریب میں سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

10 مارچ کو ایک صارف نے X، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر 31 سیکنڈ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ طلبا نے عمران خان نیازی کے حق میں نعرے لگائے۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق ویڈیو میں طلباکو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ”نیازی تیرے جانثار، بے شمار بے شمار“ اور ”نیازی بازی لے گیا (نیازی جیت گیا)۔“

صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”ایچی سن کالج نے جو بولا، وہ کر دکھایا۔ ایتھے رولا پے گیا۔ نیازی بازی لے گیا۔“

اس پوسٹ کو اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد بار دیکھا، 7 ہزار سے زائد مرتبہ ری پوسٹ جبکہ 19ہزار سے زائد مرتبہ لائک کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو کو اسی دعوے کے ساتھ دوسرے X صارفین نے بھی شیئر کیا۔

حقیقت

طلبادراصل عمران خان کے نہیں بلکہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ایک اور طالب علم کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

اس دن گولڈ میڈل جیتنے والے طالب علم عبداللہ گیلانی نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ان کے دوست دراصل ”گیلانی“کہہ رہے تھے یعنی ”گیلانی تیرے جانثار، بے شمار بے شمار“ اور ”گیلانی بازی لے گیا۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ طلبا گیلانی کے بجائے ”نیازی“ کے نعرے لگا رہے ہیں، اسی لئے سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے پھیلائے جا رہے ہیں۔

اضافی رپورٹنگ: نادیہ خالد

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔