Time 06 اپریل ، 2024
کھیل

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کاکول میں فزیکل ٹریننگ کیمپ ختم ہوگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر مضبوط اور ذہنی طور پر پختہ بنانے کیلئے کاکول کی آرمی اسکول فزیکل ٹریننگ میں لگایا جانے والا بوٹ کیمپ ختم ہوگیا۔

10 روز جاری رہنے والے اس کیمپ میں قومی کرکٹرز کو سخت ترین مشقیں کرائی گئیں۔ کبھی کرکٹرز کو ساتھی کھلاڑی کو کاندھے پر اٹھاکر دوڑایا گیا تو کبھی اسپرنٹ لگوائی گئیں۔ قومی کرکٹرز نے اس بوٹ کیمپ کے دوران دیواریں بھی پھلانگیں اور پہاڑی پر بھی چڑھائی کی۔

اس کیمپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر اعظم خان سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ رسہ کشی کے مقابلے میں زور لگانے کیلئے وہ ساتھی کھلاڑیوں کی امید رہے تو پہاڑ پرچڑھنے کے مقابلے میں انہوں نے ساتھیوں کو انتظار کرنے پر مجبور رکھا۔

اعظم جب بھی کوئی ٹاسک کرتے تو ٹیم کے دیگر کھلاڑی ان کی حوصلہ افزائی کرتے اور جونہی ٹاسک مکمل کرتے تو ساتھی کرکٹرز اعظم سمیت اس کا جشن مناتے۔

10 روز تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس اور اسٹرینتھ کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہوگا اور اب یہ پلیئرز پر منحصر ہے کہ وہ اس معیار کو کیسے برقرار رکھتے ہیں جواُنہوں نے کیمپ کے دوران حاصل کیا ہے۔

مزید خبریں :