دنیا
Time 07 اپریل ، 2024

اسرائیل کی جبالیہ، خان یونس اور وسطی غزہ میں بمباری، مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج کی جبالیہ، خان یونس اور وسطی غزہ میں بمباری میں کل سے اب تک مزید 50 سے زیادہ فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

خان یونس میں صیہونی افواج کی بمباری سے ہلاک ہونے والے اسرائیلی یرغمالی  کی لاش برآمد کی گئی، اسرائیلی حملوں سے غزہ میں اب تک 35 یرغمالی ہلاک ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں شفاعت پناہ گزین کیمپ پر آنسو گیس کے گولوں سے حملے کیے گئے جس کے بعد کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔

اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں القسام بریگیڈز  کے مزاحمت کاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے  2 حملوں میں 14 اسرائیلی فوجی ہلاک کردیے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے شامی سرحد سے ملحقہ لبنانی علاقے پر بھی ہوائی حملے کیے گئے تاہم اسرائیلی حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کے دو اہم عہدیداروں کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ مشرقی لبنان میں شامی سرحد سے ملحقہ علاقے وادی بیکا میں اسرائیل کی جانب سے ڈرون حملے کر کے حزب اللہ کے کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی  تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خبر ایجنسی کے مطابق لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ حملے کیلئے استعمال ہونے والے ڈرونز میں ایک ‘ Hermes 900’ اسرائیلی ڈرون مار گرایا گیا ہے۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کیلئے حماس کا وفد آج مصر پہنچے گا جبکہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز کا بھی قاہرہ پہنچنے کا امکان ہے۔

امریکی صدر بائیڈن نے حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کرنے والے قطر اور مصر کے ثالث کاروں کو خط لکھ کر جنگ بندی مذاکرات کیلئے حماس پردباؤ ڈالنے پر زور دیا ہے۔

مزید خبریں :