07 اپریل ، 2024
بالی وڈ اداکار فردین خان نے بالآخر 14 سال بعد اداکاری کی دنیا میں واپس قدم رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2010 میں فلم 'دلہا مل گیا ' میں آخری بار نظر آنے والے اداکار فردین خان 14 سال بعد مداحوں کو اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
فردین خان نے شوبز کی دنیا سے مکمل طور پر کنارا کشی اختیار کرلی تھی اور ساتھ ہی وہ سوشل میڈیا پر بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہے تھے۔
تاہم اب فردین خان بھارت کے مشہور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی، دی ڈائمنڈ بازار’ سے اداکاری کے میدان میں واپسی کررہے ہیں۔
ویب سیریز ہیرا منڈی پاکستان کے شہر لاہور کے مخصوص علاقے میں کام کرنے والی خواتین پر بنائی گئی ہے اور یہ مہنگا ترین پروجیکٹ ہے۔
ہفتے کو مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کی جانب سے ہیرا منڈی کا نیا پوسٹر جاری کیا گیا جس میں فردین خان کی پہلی جھلک دکھائی گئی۔
پوسٹر میں فردین خان ثقافتی شاہی لباس زیب تن کیے،چہرے پر بڑی مونچھوں اور سر پر ٹوپی پہنے بظاہر تخت پر بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فردین خان ہیرا منڈی میں ولی محمد کے کردار میں نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ ہیرا منڈی میں منیشا کوئیرالا، سوناکشی سنہا، آدیتی راؤ حیدری، رچا چڈھا اور سنجیدہ شیخ بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
ہیرا منڈی کو یکم مئی کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔