07 اپریل ، 2024
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ کچے کے علاقوں کو سیل کردیا اور جلد ہی پولیس کو جدید اسلحہ مل جائے گا۔
کندھ کوٹ میں میڈیا سے گفتگو غلام نبی میمن نے کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوجدید اسلحہ خریدنے کا این او سی مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں، بھرپور طاقت سے جرائم پیشہ افراد اور ڈاکوؤں کاخاتمہ کریں گے جبکہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ پولیس نےکچے کے علاقوں کو سیل کیا ہوا ہے جو ہتھیاراُٹھائے گا اُس کے خلاف کارروائی ہوگی، کشمور کے حالات بہترہورہے ہیں اور یقین ہے پولیس اب کچے کےڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف 15ماہ میں پولیس نے 529 افرادکوہنی ٹریپنگ سے بچایا ہے۔
پریا کماری کیس کے حوالے سے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کیس پر جے آئی ٹی کام کررہی ہے امید ہے کہ جلد پریا کماری کی بازیابی عمل میں آئے گی۔
دوسری جانب سندھ پولیس نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک 32 زخمی ہوئے جبکہ 42 ملزم گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق ڈکیتوں سے 43 اقسام کا اسلحہ برآمد ہوا اور ملزمان سے چھینی اور چوری کی گئی 60 موٹر سائیکلیں اور 4 گاڑیاں بھی برآمد ہوئيں جبکہ شہر بھر میں چھاپوں کے دوران مجموعی طورپر 977 ملزم گرفتار ہوئے۔