عید کے دوران کس روز بارش متوقع ہے؟

12 اپریل تک سندھ کے بیشتر مقامات پرگرمی کی شدت زائد رہ سکتی ہے : محکمہ موسمیات/فوٹوفائل
12 اپریل تک سندھ کے بیشتر مقامات پرگرمی کی شدت زائد رہ سکتی ہے : محکمہ موسمیات/فوٹوفائل

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج سے 12 اپریل تک  گرمی کی شدت  بڑھنے  اور 14 اپریل کو بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق سندھ کےبیشترمقامات پرگرمی بڑھ رہی ہے،عید کےدنوں میں کراچی میں درجہ حرارت 37سے38 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔

جواد میمن کا بتانا ہے کہ  سندھ میں  12 اپریل  تک موسم گرم جبکہ  12 اپریل کے بعد گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، 13 یا 14 اپریل سےمغربی ہوائیں ملک کے بیشتر مقامات  پربارشوں کاباعث بنیں گی۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں بھی 14 اپریل سےبارش کاامکان ہے اس دوران شہر قائد میں ہلکی سےمعتدل شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔

جواد میمن نے بتایا ہے کہ رواں سال اپریل میں معمول سے زائد بارشیں ملک میں ہوسکتی ہیں،  22 یا 23 اپریل تک مزید مغربی سسٹم ملک میں بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں اس دوران کراچی میں بھی 22 یا 23 اپریل تک بارش کا امکان رہے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ   کراچی میں  24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہےگا اس دوران  کراچی کا درجہ حرارت آج 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37ڈگری سینٹی گریڈ کےدرمیان بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب77 فیصد ہے جبکہ مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 11کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

دوسری جانب سمندری ہواؤں کےباعث ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے صبح کے وقت دھند بھی دیکھی گئی۔ 

 محکمہ موسمیات کے مطابق ائیرپورٹ کے علاقے میں حد نگاہ 5 کلومیٹر رہی، دھوپ نکلنے کے ساتھ ہی ختم ہو گئی۔

مزید خبریں :