Time 08 اپریل ، 2024
انٹرٹینمنٹ

صدارتی ایوارڈ ملنے کے بعد کیا ہوگیا؟ عورت کو مکھی سے تشبیہ دینے پر مشی کی عدنان صدیقی پر تنقید

فوٹو: انسٹاگرام/اسکرین گریب
فوٹو: انسٹاگرام/اسکرین گریب

پاکستانی اداکارہ مشی خان نے اپنے ساتھی اداکار عدنان صدیقی کو خواتین کو مکھیوں سے تشبیہ دینے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی ان پر حیرت کا اظہار بھی کیا۔

سینئر اداکار نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکھی اور خواتین کی مثال ایک جیسی ہے، آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے دور بھاگیں گی اور اگر آپ بیٹھ جائیں گے تو وہ مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جائیں گی۔

اداکار نے شو کے دوران اپنی مثال دیتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ جب میں مکھی کے پیچھے بھاگ رہا تھا تو وہ بھاگ رہی تھی اور جب میں بیٹھ گیا تو وہ میری ناک پر آکر بیٹھ گئی۔

بعدازاں انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے بیان کی معافی بھی مانگی تھی۔

مشی خان کی تنقید:

اب اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ 'عدنان صدیقی کو کچھ ہفتے قبل پرائیڈ آف پرفارمنس ملا جس پر مجھے بہت خوشی تھی لیکن انہوں نے ایک شو میں ایسی بات کردی جس پر بہت حیرانی ہوئی، آپ کو کیا ہوگیا'۔

مشی کا کہنا تھا کہ 'اتنا بڑا ایوارڈ ملنے کے بعد انسان کا مذاق بھی شاندار ہونا چاہیے لیکن اگر وہ مذاق نچلی سطح کا ہو تو انسان کو نارمل بات کرنی چاہیے، خواتین کا مکھیوں سے موازنہ کرکے کون سی مثال دے رہے ہیں؟ آپ کو اتنا بڑا ایوارڈ ملا، اتنا شاندار کام کیا جس کے بعد آپ کا سینس آف ہیومر  اوپر جانا چاہیے لیکن یہ تو بہت کم ہوگیا'۔

اداکارہ نے کہا کہ 'شو کے دوران میزبان ندا یاسر نے عدنان صدیقی کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا لیکن اگر ان کی جگہ میں میزبان ہوتی تو شہد کی مکھی بن کر عدنان پر ایسے بیٹھتی کہ منہ پر سوجن ہوجاتی اور وہ سوجن دوائی سے ہی حل ہوتی'۔

مزید خبریں :