پی ٹی آئی نے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب روکنے کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ اور عدالت میں درخواست دیدی

خیبر پختونخوا کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے لہٰذا صوبے کی سینیٹ نشستوں کےانتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کاانتخاب روکاجائے: اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست/ فائل فوٹو
خیبر پختونخوا کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے لہٰذا صوبے کی سینیٹ نشستوں کےانتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کاانتخاب روکاجائے: اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف درخواست سیکرٹری سینیٹ کو جمع کروادی جب کہ انتخاب عدالت میں بھی چیلنج کردیا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ نیازی کی جانب سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخواکے سینیٹ الیکشن تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ملتوی کیاجائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نہیں، آپ ہی ایوان کےکسٹوڈین ہیں، آپ کا فرض ہے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں، آپ سے مطالبہ ہے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا عمل شروع نہ کیاجائے، جب تک خیبر پختونخوا میں الیکشن نہیں ہو جاتے، یہ انتخاب نہ کرایا جائے۔

 الیکشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

دوسری جانب پی ٹی آئی نےچیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاا نتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جس میں پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز نےچیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنےکیلئے درخواست دائر کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سینیٹر زرقا، سیف اللہ نیازی، سیف اللہ ابڑو، فلک ناز چترالی ، فوزیہ ارشد اور ہمایوں مہمند نے دستخط کیے۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ سینیٹ کے قیام کا مقصد تمام صوبوں کو برابر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، خیبر پختونخوا کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے  لہٰذا صوبے کی سینیٹ نشستوں کےانتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کاانتخاب روکاجائے۔

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کل ہوگا

علاوہ ازیں سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کل ہوگا جس میں وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سینیٹ اجلاس کی بطورپریزائیڈنگ آفیسر صدارت کریں گے۔

نو منتخب ارکان کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے سینیٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹ افسران کے لیے سرکلر جاری کردیا ہے۔

سرکلر کے مطابق افسران صبح 8 بجے سے سینیٹ اجلاس ختم ہونے کے آدھے گھنٹے بعد تک ڈیوٹی پر رہیں گے۔

مزید خبریں :