08 اپریل ، 2024
اگر آپ 3 کھرب 61 ارب پاکستانی روپے سے زائد کا انعام لاٹری سے جیت لیں تو کیا کریں گے؟
اس کا جواب تو یقیناً مشکل ہوگا مگر امریکا میں ایک خوش قسمت شخص ایک ارب ڈالرز سے زائد لاٹری میں جیتنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
ریاست اوریگن سے ٹکٹ خریدنے والے نامعلوم شخص نے پاور بال لاٹری کا جیک پاٹ انعام جیتا۔
اس شخص نے مجموعی طور پر ایک ارب 32 کروڑ ڈالرز سے زائد کا انعام جیتا۔
یہ پاور بال لاٹری کی تاریخ کا چوتھا سب سے بڑا انعام ہے۔
اس لاٹری کو جیتنے والے افراد کے پاس اپنی رقم 30 سالانہ اقساط میں یا فوری طور پر لینے کے 2 آپشن ہوتے ہیں۔
فوری رقم لینے پر ٹیکسوں کی مد میں انعامی رقم میں بہت زیادہ کٹوتی ہوتی ہے۔
اگر اس نامعلوم شخص نے فوری طور پر انعامی رقم لینے کا فیصلہ کیا تو وہ کٹ کر 60 کروڑ ڈالرز رہ جائے گی۔
اگر وہ اوریگن کا رہائشی ہوا تو ٹیکسوں کی کٹوتی زیادہ ہوگی اور انعامی رقم 41 کروڑ ڈالرز رہ جائے گی۔
اس کے مقابلے میں سالانہ قسطوں پر ہر سال انعامی رقم میں 5 فیصد اضافہ ہوگا۔
انعام جیتنے والے کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
جیک پاٹ جیتنے والا لاٹری ٹکٹ فروخت کرنے والے دکاندار کو بھی 10 لاکھ ڈالرز انعام دیا جاتا ہے۔