10 اپریل ، 2024
سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیل میں دلائل دینے والے پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کا تبادلہ کر دیا گیا۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور ان کی جگہ پراسیکیوٹرعدنان علی کوتعینات کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کی جانب سے پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کو لکھا گیا خط بھی سامنے آگیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آپ نے بغیراجازت میڈیا چینلزپرکیسز سے متعلق بیان جاری کیے، آپ کوعدالتوں میں پیش ہونے سے فوری روکا جاتا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے سوشل میڈیا سے تمام مواد حذف کریں۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کو ایڈیشنل سیشن جج سکندرخان کی عدالت رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رانا حسن عباس نے گزشتہ روزعدت میں نکاح کیس میں دائراپیل پردلائل دیے تھے۔ انہوں نے سارہ انعام اور نورمقدم قتل کیسزمیں پراسیکیوشن کی تھی۔
رانا حسن عباس نے زیادتی سے متعلق عثمان مرزا کیس میں بھی پراسیکیوشن کی تھی۔