گوگل کے چیف ایگزیکٹو کو کیا بات راتوں کو جگائے رکھتی ہے؟

سندر پچائی / فائل فوٹو
سندر پچائی / فائل فوٹو

گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) سندر پچائی ہر سال کروڑوں ڈالرز کماتے ہیں۔

مگر پھر بھی ایک چیز کسی ڈراؤنے خواب کی طرح انہیں ہر رات نیند سے جاگنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

جی ہاں واقعی اس کا اعتراف سندر پچائی نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے طالبعلموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان سے ایونٹ کے دوران پوچھا گیا تھا کہ وہ 2 لاکھ افراد پر مشتمل کمپنی کو کیسے سب سے آگے رکھ سکتے ہیں جبکہ دیگر تمام کمپنیاں گوگل کو پیچھے چھوڑنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

اس پر سندر پچائی نے کہا کہ 'حقیقت تو یہ ہے کہ یہ سوال مجھے رات کو جگائے رکھتا ہے اور ایسا برسوں سے ہو رہا ہے'۔

انہوں نے اپنے سب سے بھیانک خواب کے بارے میں بھی بات کی۔

گوگل کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ایک چھوٹی ٹیم بھی ٹیکنالوجی کی دنیا میں بہت کچھ کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'آپ ہمیشہ ڈرتے ہیں کہ کسی گیراج میں کوئی فرد ہم سے زیادہ بہتر خیال پر کام شروع کر دے گا'۔

خیال رہے کہ گوگل کے بانیوں نے اس سرچ انجن کی بنیاد ایک گیراج میں ہی رکھی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ کامیابی پر لوگ زیادہ خطرات مول لینے لگتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کامیابی کے بعد آپ کے پاس کھونے کے لیے کافی کچھ ہوتا ہے اور اسی لیے وہ بہت مشکل اقدامات بھی کرتے ہیں'۔

سندر پچائی نے نوجوانوں کو زندگی میں کامیابی کے حوالے سے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ 'آپ کو شعوری طور پر اپنے اقدامات کرنے چاہیے اور اس کے مطابق اپنی ٹیم کو آگے بڑھانا چاہیے'۔

خیال رہے کہ گوگل کو اس وقت متعدد کمپنیوں سے مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے گوگل کی زیرملکیت سروس یوٹیوب کو ٹکر دی جا رہی ہے جبکہ میٹا بھی اس شعبے میں گوگل کا مقابلہ کر رہی ہے۔

مزید خبریں :