11 اپریل ، 2024
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے حماس کے رہنما کے 3 بیٹوں کی شہادت صہیونی حکومت کی وحشت کی ایک اور نشانی ہے۔
حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹوں کی شہادت پر ایرانی صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صہیونی کسی انسانی اوراخلاقی اقدار کے پابند نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صہیونی حکومت کا مکروہ اور وحشی چہرہ عیاں ہورہا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل اپنی ہزیمت آمیزشکست پر پردہ ڈالنے کے لیے ہر انسانی اور اخلاقی اقدار پامال کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں پر انسانی حقوق کے دعویدار ادارے اور ممالک بھی خاموش ہیں، خاموش عالمی ادارے اورمغربی ممالک صہیونی جارحیت میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے اسماعیل ہنیہ کے نام پیغام میں کہا کہ'میں آپ اور آپ کے گھر والوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں'۔
خیال رہے کہ عید کے موقع پر اسرائیلی طیاروں نے شمال مغربی غزہ میں شاتی مہاجر کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے اور 3 پوتے شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کو انٹرویو میں اسماعیل ہنیہ نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حملے میں ان کے بیٹے ہازم، عامر اور محمد شہید ہوگئے جبکہ ان کے پوتے بھی شہید ہوئے۔
اس سے قبل بھی اسرائیلی حملوں میں اسماعیل ہنیہ کے پوتا اور پوتی بھی شہید ہوچکے ہیں۔