Time 11 اپریل ، 2024
پاکستان

وزیراعلیٰ سندھ نے امن و امان کی خراب صورتحال کی ذمہ داری نگران حکومت پر ڈال دی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امن و امان کی خراب صورتحال کی ذمہ داری نگران حکومت پر ڈال دی۔ 

میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ سندھ میں نگران حکومت کے دور میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی، نگران حکومت نے سندھ کے ایس پی اور تھانیدار  تبدیل کیے جیسے وہ سب میرے رشتے دار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تھانے کے عملے ہیڈ منشی کہیں سے اٹھا کر کہیں پھینک دیے، اسی لیے امن و امان کے مسئلے نے جنم لیا، اس سب کو ٹھیک کر رہے ہیں جس میں وقت لگے گا۔

ان کا کہناتھاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم ہے لیکن پولیس کام کر رہی ہے، کچے میں پولیس اور رینجرز دونوں لگے ہیں، جلد حالات پر قابو پالیں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں رمضان میں ڈکیتی مزاحمت پر 19 افراد قتل اور 55 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ رواں سال جنوری سے اب تک 58 افراد ڈکیتی مزاحمت پرقتل کیے گئے اور 200 سے زائد افراد ہوئے۔

مزید خبریں :