پاکستان
Time 13 اپریل ، 2024

پنجاب کے کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش،کراچی میں بھی آج بادل برسنے کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

راجن پور اور بھکر سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

پختونخوا میں پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی جبکہ کوئٹہ اور گردونواح میں بھی بادل خوب برسے اور وادی نیلم میں سیاحتی مقامات پر تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔

افغانستان کے سرحدی ریگستان سے اٹھنے والا ریتیلا طوفان پاکستانی علاقوں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے چمن، قلعہ عبدللہ، پشین، گلستان، جنگل پیرعلیزئی، سرانان میں ریت کے طوفان سے کئی علاقوں میں درخت اکھڑ گئے، کچی دیواریں، سولرپینلز گر گئے۔

چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین کے اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جنوبی پنجاب، خیبر پختون خوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی آج اور کل بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :