13 اپریل ، 2024
ننکانہ صاحب: بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔
سکھ یاتری پاکستان میں 10 روز قیام کریں گے، سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کرنے ننکانہ صاحب، سچا سودا اور حسن ابدال جائیں گے۔
پنجاب میں بکرمی سال کے آغاز پر ہر سال بیساکھی میلہ منایا جاتا ہے، گندم کی فصل کی کٹائی کا آغاز عموماً اسی دن سے ہوتا ہے جب کہ سکھوں کے لیے یہ دن مذہبی اعتبار سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔
سکھوں کا ماننا ہےکہ ان کے دسویں گرو گوبند سنگھ نےاس دن پانچ پیاروں کا امتحان لے کر سکھ مذہب میں ذات پات کا تصّور ختم کیا تھا۔
ہر سال بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کرنے پاکستان آتے ہیں، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی میلے کی تقریبات ہوتی ہیں۔
بیساکھی میلے میں شرکت کرنے والے سکھ یاتری 10 دن پاکستان میں قیام کرنے کے بعد 22 اپریل کو واپس بھارت روانہ ہوں گے ۔