دنیا
Time 14 اپریل ، 2024

اسرائیلی کمپنی کا جہاز قبضے میں لینے پر اسرائیل کی ایران کو سخت نتائج کی دھمکی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسرائیل نے ایرانی بحریہ کی جانب سے  اسرائیلی کمپنی کا جہاز قبضے میں لینے کو کشیدگی بڑھانے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ایران کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فورسز نے ہفتے کو آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کرلیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے ایرانی بحریہ کے خصوصی دستوں نے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہوئے جہاز کو قبضے میں لیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز پر 17 بھارتی،2 پاکستانی، 4 فلپائنی، ایک روسی اور استونیا کا ایک باشندہ سوار ہے۔

اسرائیل نے ایرانی بحریہ کو اس کارروائی کے  نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے اور ساتھ ہی  یورپی یونین اور دیگر ممالک سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور ایران پر مزید پابندیاں لگانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خامنہ ای حکومت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قزاقی کر رہی ہے ۔

ادھر  امریکا نے بھی ایرانی اقدام کو عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

ترجمان امریکی قومی سلامتی کونسل ایڈرین واٹسن نے ایک بیان میں کہا کہ سویلین جہاز کو قبضے میں لینا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا قزاقی کا اقدام ہے ، قبضہ کیے گئے جہاز کو فوری چھوڑا جائے ۔

دوسری جانب اسرائیل میں بڑے اجتماعات پر پیر کی رات تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل کے متعدد طیارے اسرائیلی فضاؤں میں موجود ہیں، جب کہ اسرائیل کا فضائی دفاعی سسٹم بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :