14 اپریل ، 2024
ایران کی جانب سے اسرائیل پر ردعمل کے طور پر کیے جانے والے حملے پر سعودی عرب نے خطے میں فوجی کشیدگی بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے ڈرون حملوں کے بعد خطے میں مزید بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب نے تمام فریقین کو 'انتہائی حد تک تحمل' کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تمام فریقین خطے اور اس کے لوگوں کو جنگوں کے خطرات سے بچانے کی کوشش کریں۔
مصر نے بھی خطے اورعوام کو عدم استحکام اور کشیدگی سے بچانے کیلئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی اور کہا کہ کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جس سے بڑے فوجی تصادم کا خدشہ ہو۔