15 اپریل ، 2024
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی وفد آج پاکستان کا دو روزہ دورہ کرے گا۔
سعودی وفد دورے پر آج اسلام آباد پہنچے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد میں سعودی وزیرپانی و زراعت انجینیئرعبدالرحمان عبدالمحسن الفادلی، سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور دیگر شامل ہیں۔
وفد میں سعودی وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینیئر حکام بھی شامل ہوں گے۔
سعودی وفد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کرےگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد کے دورے کا مقصد بہتر دوطرفہ تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر مثبت اثر ڈالنا ہے، سعودی وفد کا دورہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا تسلسل ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کےحالیہ دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلامرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔