15 اپریل ، 2024
بی آر ٹی پشاور کے اربوں روپے کے سالانہ خسارے پر قابو پانے کے لیے کرایہ بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بی آر ٹی پشاور کا سالانہ خسارہ 6 ارب روپے سے بڑھ گیا ہے اور خسارے پر قابو پانے کیلئے بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے سمیت دیگر آپشنز پر غور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی نے محکمہ خزانہ کو کرایہ بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے اور بتایا ہے کہ بی آر ٹی کا کرایہ 5 روپے بڑھانے سے 67 کروڑ کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا جبکہ 10 روپے کرایہ بڑھانے سے ایک ارب 36 کروڑ روپے اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بی آر ٹی رائیڈرشپ میں اضافے کے باوجود ہر سال سبسٹدی بڑھ رہی ہے، حکومتی خزانے سے ہر مسافر کو 50 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، ایک مسافر سے 28 روپےکرایہ وصول کیا جا رہا ہےجبکہ خرچہ 80 روپے ہے۔
ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کا ماہانہ بجلی اور ڈیزل کا خرچہ 20 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، محکمہ خزانہ نے بی آر ٹی کو خسارے سے نکالنےکیلئے متعلقہ حکام سے مزید تجاویز مانگ لی ہیں۔
سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران حکومت کو بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نگران صوبائی حکومت نے کرایہ بڑھانےکا فیصلہ منتخب حکومت پر چھوڑ دیا تھا۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانا ناگزیر ہے، مہنگائی بڑھ گئی ہے، بی آرٹی کا کرایہ کم سےکم بڑھانےکی تجویز مانگی ہے.
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ ٹرانس پشاور کو ہدایت کی ہے کہ بی آر ٹی کے اخراجات کم کیے جائیں، کمپنی کو کنٹریکٹرز کے ساتھ ٹھیکوں پر بھی نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے حکومتی نقصان کم کیا جائے اور عوام پر بھی بوجھ کم ڈالا جائے، اخراجات کم کرنے کیلئے بی آر ٹی میں سولر سسٹم لگانے کا کہا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس پشاور طارق عثمان نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرایوں میں اضافہ نہ کرنے سے بی آر ٹی کا خسارہ بڑھ گیا ہے، 2 سال میں بجلی اور ڈیزل کی قمیتوں میں دگنا اضافہ ہوا تاہم کرایہ نہیں بڑھایا۔