15 اپریل ، 2024
بالی وڈ اداکار سلمان خان کی ممبئی میں رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگسٹرلارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے اداکار کو ایک اور دھمکی دی ہے۔
گزشتہ روز سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہنے 2 افراد نے فائرنگ کی تھی، اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 مشتبہ افراد میں سے ایک کا تعلق گروگرام سے ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گینگسٹرلارنس بشنوئی کے بھائی نےفائرنگ کی ذمہ داری سوشل میڈیا پر قبول کرلی ہے، جس کے بعد اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انمول بشنوئی کے نام سے منسوب ہندی میں درج فیس بک پوسٹ کے ذریعے سلمان خان کو ایک اور دھمکی دی گئی ہے۔
فیس بک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر فیصلہ جنگ ہے تو ہمیں منظور ہے، سلمان خان! ہم نے یہ آپ کو ٹریلر دکھانے کے لیے کیا ہے تاکہ آپ ہماری صلاحیتوں کو سمجھیں اور ہمیں مت آزمائیں، یہ ہماری آپ کو پہلی اور آخری وارننگ ہے اس کے بعد گولیاں صرف گھروں پر نہیں چلائی جائیں گی‘۔
دوسری جانب سلمان خان کے والد سلیم خان نے اس واقعے سے متعلق بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے دوران ان کے اہل خانہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے چلائی گئی گولیاں عوام کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہیں، ملزمان صرف عوامی تشہیر چاہتے ہیں لہٰذا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔