Time 15 اپریل ، 2024
دنیا

غزہ کے الشفا اسپتال اور بیت لاحیہ میں اجتماعی قبریں دریافت

لاشوں پر پٹیاں اور کیتھٹر بھی لگے ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لاشیں اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی ہیں— فوٹو: رائٹرز
لاشوں پر پٹیاں اور کیتھٹر بھی لگے ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لاشیں اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی ہیں— فوٹو: رائٹرز

مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی وزارت صحت اور سول ڈیفنس فورسز کی جانب سے شہر کے الشفا اسپتال میں اجتماعی قبر دریافت کی گئی ہے۔

الشفا اسپتال میں اجتماعی قبر کی کھدائی کرنے والی ٹیم کو فضا میں پرواز کرتے اسرائیلی ڈرون کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے  خوف سے کھدائی روکنا پڑی۔

عرب میڈیا کے مطابق جس وقت ٹیم نے کھدائی روکی اس وقت تک قبر سے 9 لاشیں مل چکی تھیں۔ ملنے والی لاشوں میں گلنے کا عمل شروع ہوگیا تھا جس سے اشارہ ملتا ہے کہ ان افراد کو حال ہی میں شہیدکیا گیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق قبر سے ملنے والی لاشوں پر  پٹیاں اور کیتھٹر بھی لگے ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لاشیں اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی ہیں اور جن لواحقین نے لاشوں کی شناخت کی انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے لاشیں اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی ہیں۔

اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کا کہنا ہے کہ کچھ افراد کو مرکزی دروازے کے باہر شہید کیا گیا تھا، عملے کا کہنا تھا کہ وہ ان افراد کو شہید کیے جانے اور دفنائے جانے کے شاہد ہیں۔

حکام نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر دریافت کی جس میں 20 لاشیں دفنائی گئی تھیں۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ لاشیں العساف خاندان کے افراد کی ہیں جو تقریباً 4 ماہ قبل اسرائیلی افواج کے حملے کے دوران شہید ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :