16 اپریل ، 2024
بچوں کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہورہا ہے۔
حال ہی میں غزہ کا دورہ کرکے واپس آنے والی یونیسف کی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ ٹیس انگرام نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ جنگ بچوں پر بری طرح اثر انداز ہورہی ہے۔
ٹیس انگرام کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 12 ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہر روز تقریباً 70 بچے زخمی ہو رہے ہیں، غزہ سے مریضوں کے انخلا کو بڑھانے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
ٹیس انگرام کا کہنا تھا کہ غزہ کے بچوں کے چہرے مسلسل جنگ کی خوفناک تصویر کی عکاسی کر رہے ہیں، غزہ کے بچوں کو معذوری اور موت سے بچانے کا واحد راستہ پائیدار جنگ بندی ہے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں 33 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور شہدا میں 14 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں جبکہ زخمی بچوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہے۔