پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے آج ہوگا

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

پاکستان اور  ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے آج (جمعرات) کراچی میں کھیلا جائےگا۔

پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن سیریز کی تیاری مکمل کرلی گئی۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے سیریز کے آغاز سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں بھی بھرپور جان ماری جب کہ پاکستان ٹیم کی صرف پانچ کھلاڑیوں نے پریکٹس کی جن میں عالیہ ریاض، ندا ڈار، نتالیہ پرویز، سدرا نواز اور بسمہ معروف شامل تھیں۔

پریکٹس کے بعد ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی، دونوں ٹیموں کی کپتان ندا ڈار اور  ہیلی میتھیوز نے ٹرافی کے ہمراہ ویڈیو اور تصاویر بنوائیں۔

پاکستانی کپتان ندا ڈار  نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، ہوم گراؤنڈ پر سیریز ہے، جیتنے کا اچھا موقع ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کی بیٹر چھکے نہیں مارتیں، گزشتہ سیریز میں چھکے لگا کر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تجربہ کار ٹیم بن چکی ہے، سیریز اچھی ہوگی، پاکستان کے خلاف سیریز کی بھرپور  تیاری کی ہے، پاکستان ہوم گراؤنڈ پر سخت حریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہت بہتری آئی ہے، ہم نے یہاں آنے سے پہلے دبئی میں بھی ٹریننگ کی، دبئی کی کنڈیشن پاکستان سے ملتی جلتی ہے۔

خیال رہے کہ  آئی سی سی امپائر پینل میں شامل آسٹریلیا کی کلیر پولو ساک تمام میچز میں آن فیلڈ فرائض دیں گی جو پہلی بار پاکستان آئی ہیں۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد پانچ میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کراچی میں کھیلی جائےگی۔

 وائٹ بال کے تمام آٹھ میچز جیو سوپر براہ راست نشر کرےگا۔

مزید خبریں :