عدلیہ میں مداخلت کا کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے ججز کے خط کی تحقیقات کیلئے آئینی درخواست دائر کردی/ فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے ججز کے خط کی تحقیقات کیلئے آئینی درخواست دائر کردی/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے عدلیہ میں مبینہ مداخلت سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے ججز کے خط کی تحقیقات کیلئے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ ہائیکورٹ ججز کے خط کی روشنی میں شفاف تحقیقات کرائے۔

اس کے ساتھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے استدعا کی ہے کہ شفاف تحقیقات کے بعد عدلیہ کو نیچا دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور  معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل سے متعلق ہو تو عدالت کونسل کو جائزے کیلئے سفارشات بھیجے۔

ہائیکورٹ بار کی درخواست کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے خط میں سنگین نوعیت کے  واقعات بیان کیے، آزاد عدلیہ آئین کی بنیاد اور فراہمی انصاف کا واحد ذریعہ ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ  بار نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتا کسی صورت قبول نہیں ہے لہذا سپریم کورٹ معاملے کو سنجیدہ لے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ ہم جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کے تحقیقات کرانے کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اس حوالے سے صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ریاست علی آزاد نے بھی چھ ججوں کے مطالبے کی حمایت کی۔