Time 18 اپریل ، 2024
کھیل

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 14ویں چوٹی سر کرنے کیلئے پر عزم

فوٹو: شہروز کاشف
فوٹو: شہروز کاشف

پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک بار پھر 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کے ریکارڈ پر نظریں جمالی ہیں ۔

22 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے 13 کو سر کرچکے ہیں اور اب ان کی نظریں آخری چوٹی پر ہیں لیکن 8034 میٹر بلند شیشاپنگما کو سر کرنے کیلئے شہروز چین سے اجازت نامے کے منتظر ہیں ۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شہروز کاشف نے بتایا کہ وہ اس وقت نیپال میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف ٹریکس پر موسم سے ہم آہنگ ہوچکے ہیں، ان کے ساتھ پاکستان کے سرباز علی اور دیگر کوہ پیما بھی موجود ہیں جو شیشاپنگما کیلئے چینی اجازت نامے کے منتظر ہیں۔

شہروز نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد اس حوالے سے اچھی خبر مل جائے گی۔

شیشاپنگما سر کرکے شہروز 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیمابن جائیں گے۔ 

گزشتہ برس شیشاپنگما پر حادثے کی وجہ سے شہروز کو اپنی مہم مؤخر کرنا پڑی تھی تاہم پاکستانی کوہ پیما اس سال سمٹ مکمل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔

2019 میں 17 سال کی عمر میں براڈ پیک سر کرنے والے شہروز کاشف براڈ بوائے کے نام سے مشہور ہیں ۔ 2021 میں انہوں نے ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو اور مناسلو کو سر کیا تھا جبکہ 2022 میں انہوں نے کینچن جونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو سر کی تھی ۔ 

اس کے علاوہ گزشتہ سال شہروز کاشف نے داؤلاگیری، اناپورنا، مناسلو اور چو ایو کو سر کیا تھا اور اب ان کی نظریں اپنی آخری سمٹ  ماؤنٹ شیشاپنگما پر ہیں۔

مزید خبریں :