پاکستان
Time 19 اپریل ، 2024

وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف اسٹاف ایسوسی ایشن اور موڈیز انویسٹر سروس سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں

فوٹو: پی ٹی وی
فوٹو: پی ٹی وی

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا میں آئی ایم ایف اسٹاف ایسوسی ایشن، موڈیز انویسٹر سروس حکام، ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے ایگزیکٹو نائب صدر، برطانوی وزیر برائے ترقی اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے سی ای او سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستان اسٹاف ایسوسی ایشن آف آئی ایم ایف سے ملاقات میں ایسوسی ایشن کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا گیا۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس کی بنیاد میں توسیع، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بحالی اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عمل کرنا اصلاحاتی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے ایگزیکٹو نائب صدر ہیروشی ماتانو سے ملاقات کے دوران پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخزانہ نے موڈیز انویسٹر سروس کے حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی اور امید ظاہر کی کہ ریٹنگ ایجنسی جلد ہی ملک کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرے گی۔

امریکا میں موجود وزیر خزانہ نے برطانوی وزیر مملکت برائے ترقی اینڈریو مچل سے بھی ملاقات کی اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (BII) کو پاکستان میں بینک کے قابل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاروں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی اور تسلیم کیا کہ عالمی بینک موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹلائزیشن اور انسانی سرمائے پر حکومت کی ترجیحات کے مطابق توجہ مرکوز کررہا ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے سی ای او سلطان عبدالرحمان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں کراچی تا چمن این 25 اور دیامر بھاشا ڈیم کی فنڈنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے سٹی بینک کے حکام سے بھی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پاکستان نے کامیابی سے یورو بانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفد کے ہمراہ آئی ایم ایف سے پیکیج کیلئے مذاکرات کے سلسلے میں امریکا میں موجود ہیں۔

مزید خبریں :