20 اپریل ، 2024
قومی فاسٹ بالر زمان خان کا کہنا ہے کہ آخری اوور کرانا مشکل ذمہ داری ہوتی ہے اور اس وقت وہ بس یہی سوچتے ہیں کہ ٹیم کو جتوانا ہے، ایشیا کپ میں میچ نہ جتوانے پر رونا آرہا تھا۔
ایک انٹرویو میں زمان خان نے کہا کہ انہوں نے بولنگ میں اپنا نام بنانے کا خواب دیکھا اور یارکر بولنگ کے ذریعے خود کو اسپیشلسٹ بنایا، ان کا بولنگ اسٹائل سری لنکن فاسٹ بولر ملنگا کی طرح ہے کیونکہ وہ ملنگا کو دیکھ کر ہی بولنگ کرتے تھے۔
زمان خان کا کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن سے کافی فرق پڑتا ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں یارکرز کو ترجیح دی اور لاہورقلندرز نے میچ جیتا۔
انہوں نے بتایا کہ ایشیا کپ میں مجھے آخری اوور کرانے کو ملا اور مجھے امید تھی کہ پاکستان کو میچ جتوا دوں گا لیکن بیٹر کا ایج لگ گیا اور ہم میچ نہ جیت سکے جس پر مجھے رونا آرہا تھا مگر تمام کھلاڑیوں نے مجھے سپورٹ کیا جس سے اعتماد ملا۔