Time 20 اپریل ، 2024
پاکستان

پی آئی آے کے شیئر ہولڈرز کی اکثریت نے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے حق میں فیصلہ سنا دیا

پی آئی اے انتظامیہ نے شیئر ہولڈرز کی آراء پر عمل کرتے ہوئے ادارے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے: چیئرمین قومی ائیر لائن۔ فوٹو فائل
پی آئی اے انتظامیہ نے شیئر ہولڈرز کی آراء پر عمل کرتے ہوئے ادارے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے: چیئرمین قومی ائیر لائن۔ فوٹو فائل

قومی ائیر لائن پی آئی اے کے شیئر ہولڈرز نے کثرت رائے سے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے حق میں ووٹ دیدیا۔

پی آئی اے کے شیئر ہولڈرز کا غیر معمولی سالانہ اجلاس پی آئی اے ٹریننگ سینٹر کراچی میں ہوا جس میں پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کی پی آئی اے ہولڈنگ لمیٹڈ میں منتقلی کیلئے ووٹنگ ہوئی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق اجلاس میں وفاقی سیکرٹری نجکاری کمیشن، سیکرٹری ایوی ایشن، مالیاتی مشیر کے قانونی ماہرین، سی ای او پی آئی اے ، تمام ڈائریکٹرز، شیئر ہولڈرز کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے موجود تھے۔

اجلاس میں شیئر ہولڈرز نے کثرت رائے سے پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کی پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی میں منتقلی کے حق میں ووٹ دے دیا۔

اس موقع پر چیئرمین اور سی ای او پی آئی اے نے شئیر ہولڈرز سے خطاب میں کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے شیئر ہولڈرز کی آراء پر عمل کرتے ہوئے ادارے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے اور گزشتہ برس کی پرفارمنس کے باعث ائیرلائن نے 13 سال بعد آپریٹنگ منافع کمایا ہے، پی آئی اے کے حصص کے کاروبار میں 700 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

 چیئرمین پی آئی اے نے کہا کہ ایاسا آڈٹ کلیئر ہونے کے بعد پی آئی اے جون 2024 سے یورپ اور برطانیہ کا آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

حکام کا کہنا تھا حکومت بہت سنجیدگی سے پی آئی اے کی بہتری کیلئے مشکل اقدامات لے رہی ہے اور اس اجلاس میں اعلیٰ حکومتی افسران کی موجودگی اس امر کی ضمانت ہے۔

مزید خبریں :