20 اپریل ، 2024
محکمہ ایکسائزپنجاب نے لیزشدہ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے پاکستان بھرکے 26 بینکوں کے صدورکو خط لکھ دیا۔
ڈائریکٹر ایکسائز لاہور محمد آصف کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے تمام بینکوں کے سربراہان کو لکھےگئے خط میں 18 ہزار 750 نادہندہ گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ بینک اپنی لیزشدہ گاڑیوں کی ماہانہ اقساط بمعہ سود وصول کرتے ہیں، بینک ٹوکن ٹیکس نہ تو خود ادا کرتے ہیں اور نہ ہی قسطوں پرگاڑیاں لینے والوں کو ادا کرنےکی تاکید کرتے ہیں۔
خط کے مطابق بارہا نوٹسز کے باوجود بھی ٹوکن ٹیکس جمع نہ کروانے پر قانونی کارروائی کے لیےخط لکھا گیاہے۔
محکمہ ایکسائز پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی اور 100فیصدجرمانہ کیاجاسکتا ہے، بینکوں کی جائیدادکی قرقی کے لیےقانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز لاہور محمدآصف کا کہنا ہےکہ 14 دن میں ٹوکن ٹیکس ادانہ ہونے پر گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی کے ساتھ بینکوں سے ٹیکس وصول کیا جائےگا۔