21 اپریل ، 2024
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران مختلف شہروں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم کی بھی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے مطابق پی پی 54 نارووال میں کوٹ ناجو کے علاقے میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران ایک سیاسی جماعت کا کارکن جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مخالفین نے جھگڑے کے دوران سر میں ڈنڈا مار دیا تھا، شدید زخمی محمد یوسف اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد پی پی 54 پولنگ اسٹیشن کوٹ ناجو میں ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ متوفی محمد یوسف مسلم لیگ ن کا کارکن تھا، پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن نہیں جیت سکتی، محمد یوسف کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
اس کے علاوہ شیخوپورہ اور لاہور میں بھی ضمنی انتخابات کے دوران مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے درمیان جھگڑے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے پنجاب کے مختلف حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پولنگ کا عمل رکنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی ہے اور پولنگ کا عمل ہر صورت یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔