21 اپریل ، 2024
کراچی: محکمہ جنگلی حیات سندھ نے نیوکراچی کے قديم قبرستان محمد شاہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے درختوں پر پرندوں کو پکڑنےکے لیے لگائےگئے متعدد پنجرے اتار لیے۔
انسپکٹر سندھ وائلڈ لائف اعجاز نوندانی کے مطابق قبرستان میں موجود پرانے درختوں پر پرندوں کو پکڑنے کے لیے لگائےگئے متعدد پنجرے اتار ے گئے۔ ملزمان درختوں پر پنجرے لگا کر ان میں خوراک رکھ کر کئی سو فٹ لمبی رسیوں سے پنجروں کے دروازے کنٹرول کرتے ہیں۔
اعجاز نوندانی کے مطابق پرندوں کے پنجرے کے اندر جاتے ہی رسی کے ذریعے دروازے بند کرکے انہیں پکڑلیا جاتا ہے۔
انسپکٹر سندھ وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ شکاری ملزمان کی تلاش کے حوالے سے معلومات جمع کی جارہی ہیں۔