21 اپریل ، 2024
عمران خان کی رہائی کے لیے کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ اس دوران مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس سے آنکھ مچولی ہوئی، سڑک بلاک کرنےکے الزام میں 23 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں مینڈیٹ چوری اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے رکاوٹوں کے باوجود مزار قائد تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
انصاف ہاؤس کے اطراف سے 8 کارکنان بھی گرفتار کیے گئے، مرکزی رہنما شیر افضل مروت کی ریلی کو بھی کئی مقامات پر روکا گیا۔
احتجاج اور روڈ بند کرنے کےباعث شارع فیصل نرسری کے مقام پر بدترین ٹریفک جام رہا ، 2 گھنٹے سے زائد میٹروپول جانے والا ٹریک بند رہا۔
پولیس نے شہر کے مختلف مقامات سے روڈ بلاک کرنے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 23 کارکنان کو حراست میں لیا۔
پولیس سے مذاکرات کے بعد ریلی شہید ملت روڈ سےہوتی ہوئی مزار قائد پرپہنچ کرختم ہوگئی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرکے ایم کیو ایم کو دیا گیا، 28 اپریل کو کراچی میں بڑا جلسہ کریں گے۔